دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان، بابر اور رضوان ٹی ٹوئنٹی سے آئوٹ

لاہور: پاکستان کے دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کردیا گیا۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بڑی بڑی تبدیلیاں کردی گئیں اور بڑے ناموں کو مختلف فارمیٹ میں تقسیم کردیا گیا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے اسکواڈ کا اعلان کیا اور بتایا کہ ون ڈے کے کپتان محمد رضوان ہی ہوں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔
سلمان اور شاداب کو بالترتیب ٹی ٹوئنٹی کپتان اور نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ آنے والے دو بڑے ٹورنامنٹس مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 (ستمبر 2025) اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ (فروری مارچ 2026) کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔
15 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔
اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے پر دونوں فارمیٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔
16 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عباس آفریدی، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، عرفان خان نیازی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد حارث، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان ہیں۔

Aaqib Javed Press ConferenceAnnouncedBabar Azam and RizwanDrop on T20 SquadNew Zealand VisitODIPakistan cricket teamT20