اسلام آباد: پاکستان کے عوام، دفاعی اداروں اور ملکی سالمیت کی دشمن دہشت گرد تنظیموں نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
درحقیقت ان دہشت گردوں نے مذہب کی آڑ میں اسلام کے تشخص کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔
یہ دہشت گرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔
اسلامی تعلیمات کے مطابق ایسے ناپاک عناصر کو فتنہ الخوارج کہتے ہیں۔
ان خوارج کو اسلام اور پاکستان کو مزید نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے وزارت داخلہ نے وقت کی اہم ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی اسلام کی حقیقی تعلیمات کے منافی حرکات اور دہشت گرد سرگرمیوں کے باعث اب سے ٹی ٹی پی کو "فتنہ الخوارج” کہا جائے گا۔
مزید برآں، اس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کی طرف سے استعمال کیے جانے والے تمام معزز مذہبی القاب جیسے مفتی اور حافظ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
اس کے بجائے، تمام خط و کتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ "خارجی” لکھا اور پڑھا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد تنظیم کی حقیقی نوعیت اور نظریے کی عکاسی کرنا ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ہدایات کو فوری طور پر لاگو کریں۔
یہ نوٹیفکیشن وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور دیگر انتظامی کنٹرول کے تحت تمام محکموں اور اداروں کو بھی بھیجا جائے گا۔