کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے کشمیر کو بھی نہیں بخشا، کشمیر انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور پری پول رگنگ کے تمام ریکارڈز توڑ دیے گئے۔
اپنے ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن اندھا، بہرا اور گونگا بنارہا۔ عمران خان، گنڈاپور اور وفاقی وزراء الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑاتے رہے۔ اے جے کے الیکشن کمیشن دیکھتا رہا اور پی ٹی آئی کا آلہ کار بنا رہا۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پولنگ اسٹیشنز گھومتے رہے، پولیس اہلکار ووٹرز کو حکمران جماعت کو ووٹ ڈالنے کا کہتے رہے، لیکن الیکشن کمیشن سب کچھ ٹھیک ہے کا راگ الاپتا رہا۔ گنڈاپور کھلے عام نوٹوں کی چمک دمک دکھاتا رہا۔ کشمیر کے گذشتہ آر او الیکشن میں پیپلز پارٹی نے تین نشستیں حاصل کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی مشینری کے بے دریغ استعمال کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے اس مرتبہ 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہیں، یہ عوام کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر بھرپوراعتماد کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کے جھوٹے وزراء اور ترجمان کہتے رہے کہ پیپلز پارٹی نے 8 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فری اور فیئر الیکشن ہوتے تو پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں سوئپ کرتی۔ پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ پر جلد پیپلز پارٹی اجلاس طلب کرکے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اُمیدواروں کو تمام جبر کے باوجود جیتنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔