سید علی گیلانی حریت کانفرنس کی چیئرمین شپ سے مستعفی

سری نگر: بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کُل جماعتی حریت کانفرنس کی چیئرمین شپ سے استعفٰی دے دیا۔
کشمیری ذرائع ابلاغ کے مطابق تحریک حریت کے بانی اور کُل جماعتی حریت کانفرنس کے تاحیات چیئرمین سید علی گیلانی نے آڈیو پیغام میں چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی۔ 90 سالہ بزرگ رہنما کافی عرصے سے علیل ہیں اور اسیری میں بیماری کے باعث نحیف ہوگئے ہیں۔
اپنے آڈیو پیغام میں سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں اور اس فیصلے سے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو مطلع کرچکا۔ اپنے مفصل خط میں بزرگ رہنما نے 5 اگست کے بعد قید تنہائی کے دوران حریت کانفرنس رہنماؤں کی جانب سے کوشش کے باوجود رابطہ نہ رکھنے اور آرٹیکل 370 کی منسوخی پر موثر حکمت عملی نہ بنانے کا بھی شکوہ کیا۔
سید علی گیلانی جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن بھی رہے، بعدازاں اپنی جماعت ’’تحریک حریت‘‘ کی بنیاد رکھی اور 1993 میں اپنی جماعت سمیت آل پارٹیز حریت کانفرنس میں شامل ہوگئے جو کشمیر کی 26 سیاسی اور سماجی جماعتوں کا اتحاد ہے۔
خیال رہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر میں لازاول قربانیوں، انتھک جدوجہد اور سیاسی فہم و فراست کے باعث سیدعلی گیلانی کو 2003 میں کُل جماعتی حریت کانفرنس کا تاحیات چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔

KashmirSyed Ali Gilani