سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے: پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی استصواب رائے کی کشمیریوں کی تحریک کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتِ پاکستان اور عوام سید علی گیلانی کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی عمر بھر جدوجہد کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی طویل عرصہ گھر میں نظر بند رہے، لیکن کشمیر کاز پر غیرمتزلزل عزم سے ڈٹے رہے، بے پناہ ذاتی مشکلات و مصائب اور جبر و استبداد کا کوئی ہتھکنڈا ان کے آہنی عزم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکا، عمر بھر انصاف اور آزادی کے حصول کی جدوجہد کرنے والے سید علی گیلانی کو قوم شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ناجائز بھارتی قبضے اور جبرواستبداد کے خلاف سید علی گیلانی نے اپنی جدوجہد سے کشمیر کی تین نسلوں کو ایک نیا عزم و حوصلہ دیا، وہ استصواب رائے کی کشمیریوں کی تحریک کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے، وہ لمحہ بھر کے لیے بھی اپنی نظریاتی سمت سے کبھی غافل نہیں ہوئے، وہ اپنے قلب و روح کی پوری وابستگی کے ساتھ جائز و منصفانہ نصب العین پر کاربند رہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان اور کشمیر سے بے مثال وابستگی اور محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی یاد بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف اہل کشمیر کے جذبے اور تحریک کو آگے بڑھاتی رہے گی، اللہ تعالیٰ ان کے درجاتِ بلند فرمائے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے قانونی حق کے حصول تک کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔

DeathForeign ministryPakistanSyed Ali Geelani