سوات تھانے میں دھماکا: 9 اہلکار شہید، کُل اموات کی تعداد 17 ہوگئی

سوات: گزشتہ شب کبل سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، گزشتہ شب 70 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 17 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے، زخمیوں کو کبل اور سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ شدید جھلسے ہوئے زخمی کو پشاور برن سینٹر منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہید پولیس افسران میں سب انسپکٹر عبداللہ، اشرف علی اور اے ایس آئی شیر عالم شامل ہیں جب کہ سپاہی تاج محمد، شیرولی، خلیل رحمان، بخت روخان، عصمت علی اور فضل رزاق بھی شہدا میں شامل ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی تھانے میں بچ جانے والا بارودی مواد ناکارہ بنادیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آئی جی کے پی اختر حیات نے کہا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں باہر سے کسی حملے کے شواہد نہیں ملے، دھماکا تہہ خانے میں پڑے بارود میں ہوا، اس کی وجہ شارٹ سرکٹ بنا یا کچھ اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر سوات دھماکے میں جاں بحق 9 اہل کاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور دیگر نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق دھماکے میں مرنے والوں میں پانچ قیدی بھی شامل ہیں۔

 

17 MartyredCTDSwat Police Station Blast