راجستھان: 56 بلیڈ یا ان کے ٹکڑے نگلنے والے شخص کو ہسپتال لایا گیا اور پیچیدہ آپریشن کے بعد تمام بلیڈ نکال کر اس کی زندگی بچالی گئی۔
بھارتی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ شخص یشپال سنگھ نے ایک کے بعد 56 شیونگ بلیڈز نگل لیے۔ تھوڑی دیر بعد اس کے منہ سے خون آنے لگا اور پیٹ میں ناقابلِ برداشت تکلیف کے بعد اسے فوری ہسپتال لے جایا گیا۔
مقامی ہسپتال پہنچانے کے بعد ڈاکٹروں نے الٹراساؤنڈ کیا، جس کے بعد اینڈو اسکوپی بھی کی گئی۔ اس سے تصدیق ہوگئی کہ اس کے معدے میں لاتعداد بلیڈز موجود ہیں۔ ڈاکٹر نارسی رام دیواسی کی قیادت میں اس کا علاج شروع کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے دیکھا کہ یشپال سنگھ کی گردن پر کٹ کے نشانات تھے اور اس کا بدن جگہ جگہ سے سوجا ہوا تھا۔ اس غیر معمولی صورت حال میں سات ڈاکٹروں نے مل کر تین گھنٹے تک آپریشن کیا اور معدے میں جگہ جگہ چپکے بلیڈز کو احتیاط سے نکالا۔ ڈاکٹروں نے دیکھا کہ مریض کے معدے اور دیگر مقامات پر خراشوں سے اندرونی خونی بہاؤ بھی جاری تھا۔
یشپال سنگھ نے بلیڈز کے تین پیکٹ نگلے تھے اور ان پر لگا ہوا پلاسٹک گھل چکا تھا، جس کے بعد بلیڈز نے بدن کو تکلیف اور نقصان پہنچانا شروع کردیا۔
بھارتی ڈاکٹروں کے مطابق اب تک اس کی وجہ سامنے نہ آسکی لیکن شاید اس نے دماغی عارضے یا ڈپریشن سے ایسا کیا ہے۔ اب مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔