نواز نے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کیلیے درخواست دائر کردی

اسلام آباد: میاں نواز شریف نے عدالت عالیہ کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نے کل عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کردی ہے، خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست کے ساتھ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے نمائندہ وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نواز شریف کی میڈیکل کنڈیشن ایسی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوسکیں لہٰذا سرنڈر کرنے کے حکم پر عدالت نظرثانی کرے۔
عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے ساتھ نواز شریف کی 4 ستمبر کی میڈیکل رپورٹ منسلک کی گئی ہے، جس کے مطابق نواز شریف ہائیپر ٹینشن اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، میڈیکل رپورٹ میں سابق وزیراعظم کو دی جانے والی ادویہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے جب کہ میڈیکل رپورٹ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ آر لارنس نے جاری کی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز پر احتساب عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف سماعت کے دوران نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں سابق وزیراعظم کو سرنڈر کرنے کے لیے 9 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی ضمانت غیر موثر اور ختم ہوچکی جب کہ وہ عدالت کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئے لہذا نواز شریف 10 ستمبر تک عدالت کے سامنے سرنڈر کریں ورنہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

islamabad High courtNawaz sharifsurrender