ہانگ کانگ: ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مسلسل تیسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دوسرے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقا کو 17 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 105 رنز بنائے، گرین شرٹس کی جانب سے کپتان فہیم اشرف اور آصف علی صفر پر پویلین لوٹے تاہم محمد اخلاق نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی، اسی طرح حسین طلعت 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ رہا، کپتان جے جے اسٹمس 6 جب کہ جیکس اسنیمن 5 رنز بناسکے، ایوان جونز نے 46 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم ٹیم کو میچ جتوانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
خیال رہے کہ ایونٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا کو شکست سے دوچار کیا ہے۔