سنجے دت کی کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق!

ممبئی: بولی وُڈ اداکار سنجے دت نے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی۔
سینئر اداکار نے ستمبر میں ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ وہ طبی مسائل کی وجہ سے سوشل میڈیا اور اپنے کام سے کچھ وقفہ لے رہے ہیں۔
بولی وُڈ اسٹار کی جانب سے بریک لینے کے اعلان کے بعد ان کی بیماری پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں اور بھارتی میڈیا نے سنجو کے قریبی ذرائع کا حوالہ دے کر ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر دی تھی، تاہم سنجے دت یا ان کے اہل خانہ نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔
اب سنجے دت نے خود کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور انہوں نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کو پیغام دیا۔


سنجے دت نے اپنے پیغام میں بیماری کو جلد شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ وہ جلد ہی اپنی آئندہ آنے والی فلم کی شوٹنگ نومبر میں شروع کریں گے۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں سنجے دت اپنے ہیئر کٹ کے لیے سیلون میں موجود ہیں اور انہوں نے کیمرہ اپنے بالوں کی طرف کرتے ہوئے بھنوؤں کی طرف اشارہ کیا اور کہا یہ میری زندگی کا ایک نیا زخم ہے لیکن میں اسے شکست دوں گا اور جلد ہی اس سے باہر آجاؤں گا۔
اس موقع پر سنجے دت نے اپنے ہیئر اسٹائلسٹ کے ساتھ خوش گوار موڈ میں بالوں کا نیا اسٹائل بنانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سنجے دت کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو منفی آیا تھا۔
سنجے دت اور ان کی اہلیہ منیاتا نے اپنے مداحوں کے لیے پیغامات جاری کیے تھے جس میں ان کا کہنا تھا کہ مداح سنجے دت کے حوالے سے غیر ضروری باتوں سے پریشان نہ ہوں۔

#Cancer#Sunjay Dutt