ممبئی: بولی وُڈ کے سینئر اداکار سنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئے۔
بتایا جارہا ہے کہ اسپتال میں داخلے کے وقت سنجے دت کی سانس اُکھڑ رہی تھی، جس کے بعد اُن کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، لیکن ٹیسٹ میں کورونا کے اثرات واضح نہیں ہوئے، تاہم بعدازاں پتا چلا کہ اُن کے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہورہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کورونا کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کینسر کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں سنجے دت کے پھپھڑوں کے تیسرے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص ہوئی۔
بھارتی فلمی نقاد کومل نہتا نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنجے دت میں پھیپھڑوں کےکینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ آئیے مل کر ان کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
دوسری جانب سنجو بابا کے نام سے مشہور بولی وُڈ اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سنجے دت کینسر کے علاج کے لیے بہت جلد امریکا روانہ ہورہے ہیں۔