سلطان گولڈن نے مزید دو نئے ورلڈ ریکارڈز قائم کردیے

کوئٹہ: پاکستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اسٹنٹ مین سلطان گولڈن نے کوئٹہ میں دو عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے۔
سلطان گولڈن نے 2022 کے تیز ترین ریورس ڈرائیو کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، سلطان گولڈن نے تیز ترین ریورس ڈرائیو میں ایک میل کا فاصلہ 57 سیکنڈز میں طے کیا۔
اس سے قبل تیز ترین ریورس ڈرائیو کا ریکارڈ امریکی اسٹنٹ مین نے 2022 میں قائم کیا تھا، جس نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ15 سیکنڈز میں طے کیا تھا۔
ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مایہ ناز اسٹنٹ مین سلطان گولڈن نے ڈی ایچ اے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں ریورس ڈرائیو جمپ کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
سلطان محمد گولڈن نے طویل فاصلے کی ریورس ڈرائیو میں ریمپ جمپ کامیابی سے مکمل کی، جس پر شائقین کی جانب سے دوسرا ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سلطان گولڈن نے دور مقام سے ریورس ریمپ جمپ میں 121.72 فٹ فاصلے کا جمپ کیا، دُور مقام سے ریورس ریمپ جمپ کا سابقہ عالمی ریکارڈ 89 فٹ 3.25 انچ طویل تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دو نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر سلطان گولڈن کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

QuettaSet to New World RecordSultan Golden