بوسٹن: ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں ثبوت ملے ہیں کہ اسٹرابیری دل کی صحت کو بڑھاسکتی ہے۔
امریکا میں بیریوں کی افادیت کی سالانہ میٹنگ میں الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے وابستہ پروفیسر برٹ برٹن فری مین کا کہنا تھا کہ اگر غذا میں پھل کا حصہ غائب کردیا جائے تو اس سے امراضِ قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، لیکن اس ضمن میں اسٹرابیری اس خلا کو پُر کرسکتی ہے اور دل کو توانا رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، تاہم ضروری ہے کہ روزانہ ایک کپ بھر کر اسٹرابیری کھائی جائے۔
اسٹرابیری کھانے سے مضر کولیسٹرول کم ہوتے ہیں، اندرونی سوزش کم ہوتی ہے اور آکسیڈیٹو اسٹریس کم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلڈ پریشر بھی معمول پر رہتا ہے۔ ماہرین نے یہ بھی دیکھا کہ قلبی صحت کے کئی طبی مارکر بھی اسٹرابیری کھانے سے بہتر ہوجاتے ہیں۔
ایک اور سروے سے معلوم ہوا کہ اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بالغوں میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کو روکتا ہے اور یوں اسے علاج بالغذا کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب روزانہ صرف 8 اسٹرابیری کھانے سے وٹامن سی کی ضرورت پوری ہوجاتی ہے اور اسے کھانے کی عادت بنالینا ہی دل کے محافظ کو چوکنا رکھنا ہوسکتا ہے۔