تریپولی: شدید طوفان اور سیلاب کے باعث لیبیا میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، سیلاب اور طوفان سے اموات کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار تک جاپہنچی اور امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
الجزیرہ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر مشرقی لیبیا کا شہر ڈیرنا ہوا، جہاں طوفانی بارشیں ہوئیں۔ نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
مشرقی لیبیا میں خودساختہ حکومت کے وزیراعظم اسامہ حماد کے مطابق ہزاروں لوگ تاحال لاپتا ہیں، تاہم انہوں نے اعداد و شمار سے متعلق مزید تفصیلات کا تذکرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب بن غازی میں ہلال احمر کے سربراہ قیس فکیری نے الجزیرہ کو بتایا کہ شہر میں پانی کی سطح تین میٹر (10 فٹ) تک بلند ہونے کے باعث تباہی ہوئی، اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔
ڈیرنا میونسپل کونسل نے بتایا کہ شہر میں دو ڈیم بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ شہر مکمل طور پر پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر فوٹیج میں لوگوں کو اپنی گاڑیوں کی چھتوں پر پھنسے ہوئے دکھایا گیا جب طوفان ڈینیئل اتوار اور پیر کو بن غازی، سوسا، بیدا، المرج اور درنا شہروں سے ٹکرایا۔