پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا مقدمہ درج

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج آئی آئی چندریگر روڈ پر پیر کی صبح دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی ناکام کارروائی کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائن میں درج کرلیا گیا۔
میٹھادر تھانے کی حدود آئی آئی چندریگر روڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کی صبح 10 بجکر 20 منٹ پر دہشت گردوں کے ناکام حملے کا مقدمہ الزام نمبر 79/2020 تھانہ سی ٹی ڈی (آپریشن) سول لائن میں درج کیا گیا۔
مقدمہ ایس ایچ او میٹھادر انسپکٹر رضوان پٹیل کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں 3/4/5ایکسپلوزیو ایکٹ، دہشت گردی ایکٹ 7ATA ،302 ،324 ، 353 ،427 ،120-B ،109/34 ،23(1)aسندھ آرمز ایکٹ2013 کے تحت درج کیا جب کہ مقدمے کی تفتیش سی ٹی ڈی کے انسپکٹر چوہدری عارف حسین کے سپرد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کی صبح پولیس رینجرز اور سیکیورٹی افسران و اہلکاروں نے دہشت گردوں کا اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ ناکام بنادیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ایک سب انسپکٹر اور نجی کمپنی کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید جب کہ 3 پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
مارے جانے والے دہشت گرد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل ہوکر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک رائفل گرینیڈ 39، کلاشنکوف، دستی بم روسی ساختہ، آوان بم، سیکڑوں گولیاں، میگزین، پٹرول کی بوتلیں، گرینیڈ کے خالی ڈبے، بھنے چنے کے پیکٹ، پانی کی بوتلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا تھا۔

FIRkarachiPSE attack