گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے اقدامات بہت ضروری ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے لیے اقدامات ضروری ہیں، بڑے بڑے ممالک گلوبل وارمنگ کو سنجیدہ نہیں لے رہے، بل گیٹس جیسے لوگ کہہ رہے ہیں آج دنیا کا خیال نہ رکھا تو پھر کچھ کر نہیں سکیں گے۔
ملک میں گرین فنانسنگ میں جدت سے متعلق تقریب کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے اس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماحولیات کی بہتری، جنگلات لگانا آئندہ نسل کے لیے ضروری ہیں، ہمیں 10 ارب درخت کے ہدف کو پورا کرنا ہے، ملک میں نیشنل پارکس بڑھانا، درخت اُگانا بہت ضروری ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صحرائی علاقوں میں بھی درخت لگانا وقت کی ضرورت ہے ، ماحولیات کی بہتری کے لیے چین نے حال میں بہت کام کیا ہے، ہمارے لیے فائدہ ہے کہ ہم نئی نئی تکنیک سے سیکھ سکتے ہیں، درخت لگانے کے لیے بچوں میں آگاہی مہم خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بنگلادیش سے بھی اچھی ہے، ہم نے اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی قدر نہیں کی، ماحول کی بہتری کے لیے اقدامات میں پاکستان لیڈ لے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ کے لیے اقدامات بہت ضروری ہیں، 20 سال پہلے گلوبل وارمنگ پر بات کرنے پر لوگ ہنستے تھے، ابھی بھی بڑے بڑے ممالک گلوبل وارمنگ کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا اب جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے دنیا میں خوف بڑھنے لگا ہے، دنیا کو خوف آنا شروع ہوا کہ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا احساس نہیں کیا، بل گیٹس جیسے لوگ کہہ رہے ہیں آج دنیا کا خیال نہ رکھا تو پھر کچھ کر نہیں سکیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی ﷺ نے 1500 سال پہلے جو کہا تھا وہ آج حقیقت ہے، نبی ﷺ نے فرمایا کہ دنیا کے لیے ایسے جیو جیسے ہزار سال جینا ہے اور اپنے لیے ایسے جیو جیسے کل مرجانا ہے۔

Global warmingGreen financingPM Imran Khan