پاکستانی ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون کی شاندار IMDb انٹری، ایک ہفتے میں 2.6 ملین سے 113 ہزار تک کا سفر

کراچی: پاکستانی ڈائریکٹر اور میڈیا پروڈیوسر ڈاکٹر عمیر ہارون نے عالمی فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں شاندار آغاز کیا ہے۔ صرف ایک ہفتے کے اندر IMDb پر اپنا پروفائل بنانے کے بعد، ان کی اسٹار میٹر رینکنگ 26 لاکھ سے 1 لاکھ 13 ہزار تک جاپہنچی، جو انہیں دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی میڈیا شخصیات میں شامل کردیتی ہے۔
IMDb اسٹارمیٹر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک اہم معیار سمجھا جاتا ہے، جو کسی فنکار، ڈائریکٹر یا پروڈیوسر کی مقبولیت کو صارفین کی سرچ اور دلچسپی کی بنیاد پر ماپتا ہے۔ اس پیمانے پر اس قدر تیزی سے ترقی بہت کم دیکھنے میں آتی ہے اور عام طور پر تب ہی ممکن ہوتی ہے جب کسی شخصیت کو اچانک عوامی یا صنعتی توجہ حاصل ہو۔
ڈاکٹر عمیر ہارون کو بطور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر 200 سے زائد شارٹ فلمز اور ڈاکیومینٹریز بنانے کے لیے جانا جاتا ہے، جن میں معروف تاریخی سلسلے "دی اسٹوری آف انڈس سولائزیشن” اور فرانزک سائنس پر مبنی سیریز "کڑی سے ہتھکڑی” شامل ہیں، جنہیں حقیقی واقعات پر مبنی مؤثر فلمی پیشکش کے طور پر سراہا گیا ہے۔
ان کے پروجیکٹس مختلف اصناف پر محیط ہیں، جن میں تاریخ، سماجی انصاف، صحت، فرانزک اور ثقافتی ورثہ شامل ہیں اور انہیں اعلیٰ پروڈکشن ویلیو، مؤثر کہانی نویسی اور گہرے موضوعات کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان کے متعدد کام مقامی پلیٹ فارمز پر پیش کیے جاچکے ہیں اور اب بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کررہے ہیں۔
ڈاکٹر عمیر ہارون نے کہا کہ یہ پہچان میرے لیے خوش گوار حیرت ہے۔ میں فلم کو ایسے ذریعہ اظہار کے طور پر دیکھتا ہوں جو اُن کہانیوں کو دنیا تک پہنچاسکے جو اہم ہیں— ہماری وراثت، ہماری حقیقتوں اور ہماری کمیونٹیز پر مبنی کہانیاں۔
جیسے جیسے پاکستانی میڈیا ترقی کررہا ہے، ڈاکٹر عمیر ہارون کی IMDb پر پذیرائی اس بات کی علامت ہے کہ خطے سے خودمختار اور عالمی معیار کی پروڈکشنز ابھر رہی ہیں۔ ان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ جنوبی ایشیائی کہانیوں میں دنیا بھر میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، جو روایتی فارمیٹس سے ہٹ کر پیش کی جارہی ہیں۔
نئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے اور ڈیجیٹل دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈاکٹر عمیر ہارون کی IMDb پر بڑھتی ہوئی رفتار پاکستانی فلم میکرز کے لیے ایک عالمی کامیابی کی ابتدا ثابت ہوسکتی ہے۔

Dr Umair HaroonPakistani DirectorRemarkable IMDb DebutSignificant improvement in ranking