کراچی: ڈیفنس میں سلمان فاروقی کے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان سُدھیر کا بیان سامنے آگیا۔
رنچھوڑلائن کے رہائشی سدھیر اور اس کی بہن کلپنا اہل خانہ سمیت گھر کو تالا لگاکر کہیں چلے گئے تھے جب کہ اب سدھیر نے میڈیا پر آکر اپنا پہلا بیان دیا ہے۔
متاثرہ لڑکے سدھیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بہن ڈیفنس میں دفتر میں نوکری کرتی ہے، خیابان اتحاد میں دونوں بہنوں کو لینے جارہا تھا، جیسے ہی بہنوں کے قریب پہنچا تو گاڑی سے ٹکر ہوئی۔
متاثرہ لڑکے کے مطابق گاڑی میں سوار شخص نے تشدد کرنا شروع کردیا، میں معافی مانگتا رہا مگر وہ مارتے رہے، قریب موجود شخص نے اسلحہ کے زور پر گاڑی میں بٹھایا، اسلحہ بردار شخص بھی شدید تشدد کا نشانہ بناتا رہا، سلمان فاروقی اور دوسرے شخص سے بہنیں معافی مانگتی رہیں، ان تمام افراد نے شدید تشدد کے بعد دھمکاکر چھوڑ دیا۔