پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی پرواز کل روانہ ہوگی

اسلام آباد: حج 2024 کے لیے پاکستان سے پہلی پرواز کل مدینہ منورہ کے لیے محو پرواز ہوگی۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پہلی حج پرواز کل نصف شب کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔
حج آپریشن کے پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ اتریں گی، جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر حجاز مقدس جائیں گے جب کہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر فریضہ حج کے لیے سعودی عرب پہنچیں گے۔
اسی طرح ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین سفر حج کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو اور سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہوگی۔
مجموعی طور پر 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے، جس کے بعد حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو مکمل ہوگا اور 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔

First Flight Will Depart TomorrowHajj 2024PakistanStart of Hajj Operation