اسلام آباد: امریکا کی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز (ایس اینڈ پی) نے پاکستان کی خودمختار ریٹنگز میں استحکام اور بہتری کی تصدیق کردی۔
ایس اینڈ پی نے اپنے اعلامیے میں پاکستان کی خودمختار ریٹنگز کو “بی “ کیٹیگری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طویل اور قلیل المدتی خودمختار ریٹنگز “بی” ہے اور طویل المدتی ریٹنگز مستحکم ہیں۔
ایس اینڈ پی نے پاکستان کے سکوک سرٹیفکیٹ کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی معیشت پر دباؤ آیا، اس وبا سے قبل حکومت پاکستان نے مضبوط معاشی اقدامات کیے، وبائی مرض پر قابو پاتے ہی پاکستانی معیشت میں بہتری آئے گی اور اصلاحات کا سلسلہ بھی بحال ہوجائے گا۔
اس ادارے کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی اقتصادی اور مالی ادائیگیوں میں توازن کی صورت میں پاکستانی ریٹنگز میں مزید بہتری اور اضافے کا امکان ہے، توازن برقرار رکھنے سے خارجی ادائیگیاں آئندہ ایک سال تک پوری کی جاسکتی ہیں۔