اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کو الیکشن کمیشن نے بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرلیا، تاہم انتخابی نشان فوری الاٹ نہیں ہوسکا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن کرکے اُسے الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دیا گیا جب کہ انتخابی نشان ایک ہفتے کے اندر جاری کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کی جمع کرائی گئی، تفصیلات اور انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج تسلیم کرلیے، جس کے مطابق جہانگیر ترین پارٹی کے چیئرمین اور علیم خان صدر ہیں۔
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکریٹری جنرل فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کو رجسٹرڈ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایک ہفتے کے اندر انتخابی نشان کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی اپنا انتخابی منشور جاری کرے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کی کہ انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔