گال: سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے 508 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے 176 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے میچ میں 323 رنز کی بڑی برتری حاصل تھی۔
دھننجیا ڈی سلوا اور دمتھ کرونارتنے سے اننگز کا آغاز کیا اور اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے جاری شراکت کو 126 رنز تک پہنچادیا، سری لنکن کپتان 61 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی وکٹ بنے۔
دھننجیا ڈی سلوا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلا میچ کھیلنے والے دمتھ ویلاگے کے ہمراہ مزید 35 رنز جوڑے، ویلاگے 18 رنز بنانے کے بعد نواز کی وکٹ بنے۔
دھننجیا نے سنچری کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور رمیش مینڈس کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرنے کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی نویں سنچری بھی مکمل کر لی۔
دھننجیا اور مینڈس نے آٹھویں وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑے جس کے بعد دھننجیا کی 109 رنز کی اننگز رن آؤٹ کی صورت اختتام کو پہنچی۔
اُن کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور میچ میں پاکستان کو فتح کے لیے 508 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنالیے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عبداللہ شفیق 16 رنز بناسکے۔ امام الحق 35 اور کپتان بابراعظم 5 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں آج تک کوئی بھی ٹیم اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کرسکی اور سب سے بڑے 418 رنز کے ہدف کے کامیاب تعاقب کا اعزاز ویسٹ انڈیز کو حاصل ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 147 رنز کی بھاری برتری حاصل کی تھی۔
دھیان رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔