بنگلورو: دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکا ایسی اوسط ٹیم سے بھی خود کو شکست سے نہ بچاسکا۔
خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم کوالیفائر میچز کھیلنے کے بعد ورلڈکپ کھیلنے کی اہل قرار پائی تھی، جس نے دفاعی چیمپئن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں چوتھا اپ سیٹ کیا ہے۔
اس سے قبل اسی ٹورنامنٹ میں افغانستان نے بھی انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈکپ 2023 کا پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔ قبل ازیں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا اور افغانستان نے پاکستان کو ہراکر اپ سیٹ کیا تھا۔
بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 157 رنز کا انتہائی آسان ہدف دیا تھا، جسے سری لنکا نے 25.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 33.2 اوورز میں محض 156 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، اوپنر جونی بیراسٹو 30 اور ڈیوڈ ملان 28 رنز بناکر نمایاں رہے، بین اسٹوکس نے 72 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 15، جوروٹ 3، کپتان جوز بٹلر 8، لیام لیونگسٹن 1، عادل رشید 2، کرس ووکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی لاہیرو کمارا نے 3، اینجیلو میتھیوز اور کسن راجیتھا نے 2، 2 جب کہ مہیش تھیکشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے 157 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا، پاتھم اور کوشل پریرا نے اوپننگ کی۔ دوسرے اوور میں نو رنز کے مجموعی اسکور پر کوشل پریرا محض چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔