واشنگٹن: ایک جانور آدھے شہر کی بجلی بند کرنے کا سبب بن گیا، امریکی شہر کے بجلی گھر میں گلہری کی آمد سے ایک چوتھائی صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
بیرون ملک کے ذرائع ابلاغ کے مطابق گلہری کی وجہ سے شہریوں کے بجلی سے محروم ہونے کا واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ڈِکسن میں پیش آیا۔
واقعے سے متعلق ڈِکسن الیکٹرک کمپنی نے ٹوئٹر کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا، کمپنی نے ٹوئٹ میں کہا کہ ایک چھوٹی اور پیاری سی گلہری سب اسٹیشن میں داخل ہوئی اور آبادی کے ایک بڑے حصے کو بجلی سے محروم کردیا۔
کمپنی نے صارفین کو آگاہ کیا کہ بجلی کی بندش کچھ دیر کے لیے ہے، جسے جلد ہی بحال کردیا جائے گا۔