مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں کوئی کشیدگی ہے اور نہ پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی معاملہ زیر غور ہے۔ او آئی سی نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر کئی قراردادیں منظور کیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان ایسے دو ریاستی حل کا حمایتی ہے جس میں القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مضبوط تعلقات ہیں، جنرل (ر) راحیل شریف کے سعودی عرب میں اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت میں نفرت انگیز جرائم بی جے پی کی ہندوتوا پالیسیوں اورسوچ کا نتیجہ ہیں۔ کلبھوشن سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے میں 4 نکات شامل تھے، بھارتی جاسوس کو اس کے حقوق کے متعلق بتانا تھا، کلبھوشن کی سزا پرعمل درآمد کے لیے نظرثانی کے فیصلے تک حکم امتناع دیا گیا، کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینا بھی اس میں شامل تھا۔ پاکستان نے بھارت کو دوبارہ وکیل مقرر کرنے اور تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی۔ امید ہے بھارت پاکستانی عدالتوں سے تعاون کرے گا، بھارتی حکومت الزم تراشیوں کے بجائے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کرنے میں تعاون کرے۔

Foriegn officeisraelpalestineSaudi arabiaspokeman