سوا 2 لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکی واپس جاچکے، دفترخارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اب تک 2 لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکی اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ 31 اکتوبر کو ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 2 لاکھ 28 ہزار 574 غیرقانونی مقیم غیر ملکی واپس جا چکے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ افغان باشندوں کی باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کے لیے دیگر اقدامات سمیت ان کی عارضی رہائش کے لیے مختلف اضلاع میں تمام سہولتوں سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔بذریعہ طورخم اور چمن بارڈر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان شہری اپنے وطن واپس جارہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 11 نومبر کو ریاض میں او آئی سی عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ نگراں وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کے مظالم جاری ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو ذمے دار ٹھہرائے۔

 

Briefingforeign officeMumtaz Zehra Balochspokeperson