اسلام آباد :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے قانون سازی پر کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی اپنے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی آو آر) کو وقتاً فوقتاً اسے بھیجے گئے معاملات کے حوالے سے حتمی شکل دے گی اور اپنی سفارشات اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔
کمیٹی میں حکومت سے وزیردفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سمیت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدا مرزا، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں سے خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی بھی رکن ہیں۔
کمیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، سردارایازصادق، راناثناء اللہ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر، شازیہ مری اور آغاحسن بلوچ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں قومی اسمبلی میں حکومت نے ایک ہی روز میں ریکارڈ قانون سازی کرتے ہوئے والدین کے تحفظ کا آرڈیننس، حقوق جائیداد برائے خواتین کا بل، وفاقی دارالحکومت میں رفاہی اداروں کی رجسٹریشن کے بل سمیت دس قوانین کثرت رائے سے منظور کرلیا تھا.