جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی!

کراچی: جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پروٹیز کا 38 رکنی اسکواڈ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا۔ جنوبی افریقا کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کوک کررہے ہیں۔

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔
جنوبی افریقی کھلاڑی اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کریں گے، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ دورہ پاکستان کے دوران جنوبی افریقا کی ٹیم کو سرکاری مہمان کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
دھیان رہے کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے، آخری مرتبہ وہ 2007 میں پاکستان آئی تھی، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان سیریز ہوتی رہی ہیں، پاکستان نے جنوبی افریقا کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی ہے۔ 1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جاچکی ہیں۔ ان 11 میں سے 7 میں جنوبی افریقا جب کہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

cricket teamKarachi arriveSouth AfricaT 20 seriestest seriesTour of Pakistan