جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا اگلے ماہ دورۂ پاکستان، شیڈول جاری!

لاہور: پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
اس دورے میں دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم راولپنڈی روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ 4 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔
سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔
دورے میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

cricket teamScheduleSouth AfricaTour of Pakistan