وزرائے تعلیم کانفرنس، صوبے اسکولز بند کرنے کے مخالف!

اسلام آباد: تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کرنے کی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس نے مخالفت کردی۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس کو کورونا کیسز کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی اور ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد اور لمبی کرنے سے متعلق مشاورت ہوئی۔
اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کووڈ کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں تاہم وزرائے تعلیم نے اسکولز بند کرنے کی مخالفت کردی۔ اگلے ہفتے دوبارہ وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوگا جس میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے، آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کی مشاورت اور سفارشات این سی سی میں پیش کی جائیں گی، 23 نومبر پیر کو سردیوں کی تعطیلات اور اسکولوں کی بندش کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس آج شام کو متوقع ہے جس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ ہوسکتا ہے۔

Education ministers conference