ریاض: برف باری پر سعودی شہری خوشی سے نہال، سعودی عرب کے شمالی علاقوں تبوک اور حائل میں غیر متوقع برف باری مقامی لوگوں کے لیے خوشی اور تفریح کا باعث بن گئی۔
جَبَل اللوز کے پہاڑی علاقے، جو اردن کی سرحد کے قریب واقع ہیں، وہ برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے، جس کے باعث مقامی افراد نے باہر نکل کر برف میں کھیلنا، تصاویر لینا اور اسکیئنگ کا لطف اٹھانا شروع کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ خاندان اور دوست گروپس برف پر چل رہے ہیں، تصاویر بنارہے ہیں، روایتی رقص پیش کررہے ہیں اور بعض نے اسکیئنگ بھی کی۔ جَبَل اللوز کی بلندیوں پر لوگ برف میں اسکیئنگ کرتے، ہنستے اور خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق تبوک اور حائل کے کئی پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی جب کہ ریاض کے شمال میں الغاط میں ہلکی برف باری بھی دیکھی گئی۔ یہ مظاہرہ کئی دہائیوں میں ایک نایاب منظر تصور کیا جارہا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی نے قبل ازیں درجہ حرارت میں اچانک کمی اور شمالی سعودی عرب کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی تھی۔
موسمیات کے ماہرین کے مطابق یہ صورت حال مشرق وسطیٰ کے کچھ حصوں میں گہرے کم دباؤ کے نظام کی وجہ سے پیدا ہوئی، جس کے ساتھ شدید بارش، سرد ہوا اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔