ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارش ، سردی میں بھی اضافہ

کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارش نے سردی میں بھی اضافہ کر دیا۔
بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہو گئی۔ چمن اور کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے۔ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔بلوچستان میں بارشوں سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
مری اور ایبٹ آباد میں برفباری نے نظارے مزید حسین بنا دئیے، ملکہ کوہسار میں سیاح برفباری کا لطف اٹھانے لگے۔ ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات پر بھی رش بڑھ گیا۔ گلیات میں ہر طرف سفید چادر بچھ گئی۔
کاغان، ناران، چلاس میں پہاڑوں پر سفیدی بچھ گئی۔ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت میں بھی برف گر پڑی۔ گلگت بلتستان میں لہو جما دینے والی سردی اور شگر، ناران، کاغان میں درجہ حرارت منفی میں چلا گیا۔
جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ۔میلسی، اوچ شریف، فورٹ عباس، لیہ،علی پوراور راجن پور میں بارش ہوئی۔
کراچی میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سکھر اور میر پور خاص سمیت سندھ کے کئی شہروں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات نے آج سے لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے ۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش سے اسموگ اور دھند میں کمی ہو گی ۔

cold also increasedSnow and rain in different parts of the country