راولپنڈی: بڑھتی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع کے نجی و سرکاری اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
پنجاب میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث تمام اسکولوں کو 17 نومبر تک مکمل بند رکھنے اور نجی اداروں کے نصف عملے کو آن لائن شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب کے 8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالا، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان، سرگودھا اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع شامل تھے، تاہم پنجاب کے وزیر تعلیم نے اب صوبے بھر کے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے جب کہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں، ٹیوشن سینٹرز کو آن لائن سیشن پر منتقل کیا جائے۔
حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے اور فضائی آلودگی کے باعث سانس، آنکھوں، گلے کی بیماریاں بڑھنے پر کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں اسکول بند کررہے ہیں، فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصولہ شکایات کی روشنی میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے، تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھارہے ہیں، بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کے لیے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی جلد لارہے ہیں۔