کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ کی ایک ہی یوسی میں کورونا کے 22 کیسز رپورٹ ہونے پر وہاں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
کراچی میں کورونا وبا کے پھیلاؤ اور کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے شہر کے مختلف اضلاع کے مخصوص علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی تجویز پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے ضلع غربی کے متاثرہ علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع غربی سے ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ضلع غربی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن منگھوپیر یوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ علاقے کی کل آبادی قریباً چار ہزار ہے، علاقے میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں علاقے میں داخل ہوتے اور باہر جاتے ہوئے فیس ماسک پہننا لازم ہوگا، علاقے میں تمام ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری پر اور کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، صرف راشن کی دُکان اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔ علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوں گی اور تمام ہوم ڈیلیوریز پر بھی پابندی ہوگی اور گھر سے صرف ایک شخص کو ضروری اشیاء خریدنے کے لیے باہر آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کے لیے شہر کے متاثرہ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون (ایم ایس ایل ڈی) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔