ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی، سونا بھی سستا

کراچی: ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ سونا بھی سستا ہوگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اوپن مارکیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں خدمات انجام دینے والی غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی گزشتہ 5 ماہ میں ایک ارب 41 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اپنے ممالک میں منتقلی اور برآمدی اعداد و شمار میں کمی کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں 63 ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
ملکی زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 15 ارب 88 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کی سطح پر آنے، پاکستان کی جانب سے 250 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز متعارف کرانے کی حکمت عملی اور کویت کی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری دلچسپی جیسی اطلاعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 280 روپے 02 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی، لیکن غیر ملکیوں کی زرمبادلہ کی صورت میں اپنی آمدنی بھجوانے اور درآمدات کے لیے طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 280روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں دوسرے دن بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281 روپے 30 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔
دوسری جانب سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم ہو گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 09ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4ہزار 325ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ایک دن کے وقفے سے آج جمعہ کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 900روپے کی کمی سے 4لاکھ 54ہزار 862روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 772روپے کی کمی سے 3لاکھ 89ہزار 970 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 52روپے کی کمی سے 6ہزار 848 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 44 روپے کی کمی سے 5 ہزار 871 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

DollarGoldrate reduce