کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) ٹرسٹ اسپتال شارعِ فیصل میں ڈاکٹر سید ہارون احمد ڈائیلاسز سینٹر اور زبیدہ مصطفیٰ لیتھوٹرپسی یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ یہ دونوں یونٹس جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہیں جو گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو عالمی معیار کا علاج فراہم کریں گے۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر ادیب رضوی کی دہائیوں پر محیط بے لوث خدمات کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان میں یورولوجی اور ٹرانسپلانٹیشن کے شعبوں کو ایک نئی جہت دی، بلکہ SIUT کو علاج کے اُس مثالی ماڈل میں تبدیل کیا، جہاں انسانیت، مساوات اور خدمتِ خلق اولین اصول ہیں۔ ان کی قیادت میں یہ ادارہ روزانہ ہزاروں مستحق مریضوں کو بغیر کسی معاوضے کے معیاری علاج مہیا کررہا ہے، جو پاکستان کے طبی نظام میں ایک روشن مثال ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر ادیب رضوی کی انتھک جدوجہد، وژن اور انسان دوستی نے صحت کے اس شعبے کو نئی زندگی بخشی اور حکومت سندھ SIUT کی توسیع اور جدیدیت کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
یہ افتتاح نہ صرف جدید طبی سہولتوں کے اضافے کا مظہر ہے، بلکہ ڈاکٹر ادیب رضوی جیسے قومی ہیروز کی خدمات کا اعتراف بھی ہے، جنہوں نے صحت عامہ کے میدان میں خاموش انقلاب برپا کیا۔