نیویارک: امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کو امریکی شہر لاس اینجلس میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزم میں گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 44 سالہ گلوکارہ کو بدھ کی رات وینٹورا کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ نے نشے کی حالت میں گرفتار کیا تھا۔
تاہم، انہیں جمعرات کی صبح پولیس حراست سے رہا کردیا گیا، جس کی تصدیق قانونی دستاویزات اور امریکی میڈیا رپورٹس میں کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 4 مارچ کی شام کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کو ایک سیاہ رنگ کی بی ایم ڈبلیو کے بارے میں اطلاع ملی جو تیز رفتاری سے چل رہی تھی، پولیس نے گاڑی کو روکا تو گاڑی میں موجود واحد شخص برٹنی اسپیئرز تھیں۔
پولیس کے مطابق انہوں نے نشے کی علامات ظاہر کیں اور موقع پر چند ٹیسٹ بھی کیے، بعدازاں انہیں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کرکے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں خون کا نمونہ لیا گیا، تاکہ الکوحل کی مقدار معلوم کی جاسکے۔
انہیں قریباً صبح 3 بجے وینٹورا کاؤنٹی شیرف آفس میں بُک کیا گیا اور قریباً صبح 6 بجے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا جو بالکل ناقابلِ قبول ہے جب کہ گلوکارہ نے قانون کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے اس سے ان کی زندگی میں کچھ تبدیلی آئے گی۔
واضح رہے کہ برٹنی اسپیئرز کو 1990 کی دہائی کے آخر میں اپنے مشہور گانے ’بے بی ون مور‘ سے شہرت ملی، تاہم حالیہ برسوں میں وہ موسیقی سے کافی حد تک دور رہی ہیں۔