برصغیر کے مایہ ناز گلوکار شہنشاہ غزل مہدی حسن کے بیٹے آصف مہدی کراچی میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں مبتلا تھے۔
ان بیٹے کے مطابق آصف مہدی کا انتقال پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے ہوا۔ آصف مہدی کو گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔ مرحوم آصف مہدی حسن خان خوبصورت آواز کے مالک تھے۔ ان کے گائے گئے گیتوں کے کئی البم مارکیٹ میں آچکے تھے۔
اس سے قبل مہدی حسن خان کے بڑے صاحبزادے عارف مہدی حسن رواں برس اپریل میں کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ عارف مہدی ملک کے ماہر طبلہ نواز تھے۔ عارف مہدی آخری ایام میں مہدی حسن کے لیے بڑے ٹریبیوٹ کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ مرحوم اپنے والد مہدی حسن کے منیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے تھے۔ عارف مہدی فنکار برادری میں بہت مقبول تھے، ان کی تدفین محمد شاہ قبرستان میں والد مہدی حسن کے برابر میں کی گئی تھی۔