اوٹاوا: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار امانت علی نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سیلابی صورت حال سے آگاہ کیا۔
امانت علی کو کینیڈین پارلیمنٹ میں دعوت دی گئی تھی تاکہ کینیڈین رہنماؤں کے ساتھ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جاری کاموں پر تبادلہ خیالات کیا جاسکے۔
گلوکار امانت علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتایا کہ انہوں نے کینیڈین وزیراعظم کو پاکستان میں سیلاب کے بعد رفاہی کاموں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا کہ کیسے لوگ مدد کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
امانت علی نے کچھ دن پہلے ہی سیلاب کی تباہ کاری کے حوالے سے ایک دعا ’بے کس پہ کرم کیجیے‘ بھی پڑھی تھی۔
قبل ازیں، رواں ہفتے میں ہی جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کے ’سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ‘ اور ’ریڈ کراس کینیڈا‘ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔