سندھ، تعلیمی اداروں میں دو ماہ کے دوران 1317 کورونا کیسز رپورٹ

کراچی: صوبہ مہران کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایک ہزار 317 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی تفصیلات جاری کردیں، جس کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایک لاکھ 45 ہزار 859 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک لاکھ 31 ہزار 913 ٹیسٹس کے نتائج منفی آئے، 1317 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 12 ہزار 629 کورونا ٹیسٹس کے نتائج کا انتظار ہے۔ اس طرح سندھ کے تعلیمی اداروں میں یومیہ 22.3 کورونا کے مریض سامنے آئے اور تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی ادارے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں 251 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ ضلع وسطی میں 208، کورنگی میں 127، جنوبی میں 40، غربی میں 29 اور ملیر میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد کے تعلیمی اداروں سے 85، ٹھٹھہ میں 62، جام شورو میں 61، مٹیاری میں 49، سکھر میں 45، میرپور خاص سے 35، تھرپارکر میں 20، ٹںڈو محمد خان میں 11 اور ٹنڈوالٰہ یار کے تعلیمی اداروں سے 4 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

Covid19SchoolsSindh