تین روز کے دوران سندھ پولیس کے 215 اہلکار کورونا کی زد میں آگئے!

کراچی: کورونا وبا نے 3 روز کے دوران سندھ پولیس کے مزید 215 اہلکاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق 3 روز کے دوران مزید 215 اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اب تک ایک ہزار 885 کے قریب افسران اور اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 16 پولیس افسران اور اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں سے 14 اہلکاروں کا تعلق کراچی جب کہ 2 کا حیدرآباد رینج سے تھا، 1423 اہلکار زیر علاج جب کہ 446 اہلکار صحت یاب ہوچکے، کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔ کورونا کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پُرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

Coronasindh police