اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ سندًھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے۔
اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ ہی نہیں کہ سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے، ورنہ جب اومنی والوں کے سامنے لائن لگاکر کھڑے ہوتے تھے تو بھی اس طرح کا ردعمل ہوتا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکی داماں کی یہ حکایت آگے بڑھی تو معاملات کھلیں گے، اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں اور سازشیں ناکام بنانی ہوں گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں پولیس نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کیا تھا، واقعے کے بعد سندھ پولیس کی اعلی ترین قیادت نے چھٹیوں کی درخواست دے دی تھی، تاہم آرمی چیف کے نوٹس لینے اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد آئی جی سندھ سمیت دیگر نے یہ فیصلہ موخر کردیا۔