کراچی: سندھ میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے اور موسم سرما کی تعطیلات بھی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز سندھ سید باقر نقوی، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اور نجی اسکولز کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران شریک تھے۔
اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر این سی او سی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ وفاقی وزیرِ تعلیم کی زیرِ صدارت ہونے والے گزشتہ اجلاس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تھا، 23 نومبر تک کے لیے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرنے پر اتفاق ہوا تھا، اب وفاق کی جانب سے 25 نومبر سے 24 دسمبر تک اسکولز میں بچوں کو بھیجنے کے بجائے گھروں پر تعلیم دینے اور موسم سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 10 جنوری تک کرنے کا کہا جارہا ہے۔ وفاق کا مؤقف ہے کہ 25 نومبر سے 24 دسمبر تک اساتذہ کو اسکولز آنے اور والدین کو ہر ہفتے اسکولز سے ہوم ورک لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں اسکول اور کالجز بند نہیں ہوں گے جب کہ موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہوں گی، تعلیمی اداروں میں کورونا سے متعلق ایس او پیز کو مزید سخت کیا جائے گا، تاہم جو اسکول آن لائن تعلیم دینا چاہیں دے سکتے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے فیصلوں سے این سی او سی کو آگاہ کیا جائے گا۔