کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ، تدفین اپنے اخراجات پر کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی تجہیز و تکفین کے لیے گورنر سندھ میدان میں آئے اور واضح کیا کہ میری بہن لاوارث نہیں تھی بلکہ اُس کی تدفین اور تمام اخراجات خود ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیگر شہریوں کی طرح میں حمیرا اصغر علی کا بھی بھائی ہوں، اگر لواحقین تجہیز و تکفین میں شرکت نہیں چاہتے تو میں حاضر ہوں اور اس کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کروں گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی جائے گی اور اس حوالے سے امام کو بھی ہدایت کردی جب کہ اپنی ٹیم کو جنازے اور تدفین کے انتظامات کی ہدایت کی، جس کے تمام اخراجات میں اپنی جیب سے ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت وناموس کی قدر جانتے ہیں، یہ ہمارے معاشرے کے لیے سوال ہے کہ جواں بیٹی کی لاش دفنانے کے لیے گھر والے نہیں ہیں۔