سندھ حکومت معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی پر فلم بنائے گی

کراچی: صوبۂ سندھ کی حکومت نے معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی مرحوم عبدالستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں منعقدہ فلم فیسٹیول کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فلموں کو اپنے بیانیے کو عالمی سطح پر پھیلانے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کررہا ہے جب کہ پاکستان میں اس میڈیم کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے شمار تاریخی اور معاشرتی کہانیاں موجود ہیں، جن پر فلمیں بناکر نہ صرف اپنی ثقافت کو اجاگر کیا جاسکتا، بلکہ نوجوان نسل کو اپنے ہیروز سے متعارف بھی کرایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی شخصیات، خصوصاً وہ افراد جنہوں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دیں، ان کی زندگیوں پر فلمیں بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزارت اطلاعات سندھ فلم ساز ستیش آنند کے اشتراک سے عبدالستار ایدھی کی زندگی پر فلم تیار کررہی ہے، تاہم فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الوقت فراہم نہیں کی گئیں۔

Abdul Sattar EdhiannounceBiopicFounder Edhi FoundationRenowned Social Activistsindh govt