بارش کی بوندیں مٹی پر پڑتے ہی جو خوشبو مہکتی ہے مجھے اپنے وطن کی اس خوشبو سے عشق ہے پیار ہے اور میری طرح ہر محب وطن پاکستانی اپنے وطن کے پرچم کے ساتھ اس مٹی میں دفن ہونے کی خواہش رکھتا ہے۔ماہ اگست آتے ہیں پاکستان میں چار سو سبز رنگ لہرانے لگتا ہے چاند ستارے والا یہ سبز پرچم ہمیں آزادی کی ہوا میں سانس لینے کا احساس دلاتا ہے۔ پاکستان میں ہر سال 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان نہایت جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جاتا ہے گزشتہ سال سے آزادی کی خوشیاں عالمی وبا کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے منائی جا رہی ہیں۔
چودہ اگست وہ دن ہے جب پاکستان 1947ء میں انگریزوں سے آزاد ہوا۔14 اگست کا دن پاکستان میں سرکاری سطح پر قومی تہوار کے طور پر بڑے دھوم دھام سے منایا جاتا ہے تمام پاکستانی عوام اس دن اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتے ہیں اور اپنے قومی محسنوں اور بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک بھر کی اہم سرکاری عمارات پر چراغاں کیا جاتا ہے۔اسلام آباد جو پاکستان کا دارالحکومت ہے، اس کو خاص طور پر خوبصورتی کے ساتھ سجایا جاتا ہے اور اس کے مناظر کسی جشن کا سماں پیدا کرتے ہیں اور یہیں ایک قومی حیثیت کی حامل تقریب میں صدر پاکستان اور وزیرآعظم قومی پرچم بلند کرتے ہوئے اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اس پرچم کی طرح اس وطن عزیز کو بھی عروج و ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔
ان تقاریب کے علاوہ نہ صرف صدارتی اور پارلیمانی عمارات پر قومی پرچم لہرایا جاتا ہے بلکہ پورے ملک میں سرکاری اور نیم سرکاری عمارات پر بھی سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ بلندی کا نظارہ پیش کر رہا ہوتا ہے۔ یوم آزادی پاکستان کے روز ریڈیو، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پہ براہ راست صدر اور وزیراعظم پاکستان کی تقاریر کو نشر کیا جاتا ہے اور اس عہد کی تجدید کی جاتی ہے کہ ہم سب نے مل کراس وطن عزیز کو ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کی بلند سطح پہ لے کر جانا ہے۔ آزادی کی نعمت اللہ کی طرف سے ایک بہترین عطا ہے میری دعا ہے اللہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھنا نصیب کرے۔ہم تمام پاکستانیوں کو اس دن مل کر عہد کرنا چاہئے کہ ہم سب اپنے تن من دھن کی بازی لگا کر بھی اس وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے اور ہمیشہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قول "ایمان، اتحاد اور تنظیم” کی پاسداری کریں گے۔یہ پاک وطن دنیا میں ہماری شناخت ، پہچان اور عزت کا باعث ہے ہر سال چودہ اگست کی خوشیوں میں ہمیں اس زمین کا شکریہ ادا کرنا نہیں بھولنا چاہئے۔
پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے اور ملک کو کامیاب کرنے کیلئے ہم تمام پاکستانیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کی ضرورت ہے اور ہمارا اتحاد ہی دشمن کی ناکامی ہےجشن آزادی کا دن ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں ہمیں حاصل ہوا ہےاور ہم اسے فراموش نہیں کر سکتے کیونکہ اس سر زمین نے ہمیشہ ایک ماں کی طرح ہمیں اپنی آغوش میں سمیٹ کر رکھا ہے۔شکریہ پاکستان ، پاکستان زندہ باد۔