مظفرآباد: سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سابق قومی کپتان شعیب ملک نے بڑا اعلان کردیا، کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے اپنی انعامی رقم سیلاب سے متاثرہ افراد کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کے پی ایل کے سیزن ٹو میں میرپور رائلز بغیر مقابلے کے فاتح قرار پائی، میرپور رائلز اور باغ اسٹالینز کا فائنل بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد میرپور رائلز کو لیگ مرحلے میں ٹیبل پر زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر چیمپئن قرار دیا گیا۔
لیگ میں بہترین کارکردگی کے باعث شعیب ملک مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے جس کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ اس کی رقم سیلاب متاثرین کو دیں گے۔
شعیب ملک نے لکھامیں مین آف دی ٹورنامنٹ جیتنے اور مزید ایک اور ٹرافی اٹھانے پر خوش ہوں، میں یہ ایوارڈ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کرنا چاہتا ہوں، ہمیں ہر چیز سے بالا تر ہوکر بحیثیت قوم اکٹھے ہونا چاہیے۔
قومی کرکٹر نے لکھا میں اپنی جیتی ہوئی انعامی رقم سیلاب متاثرین کو عطیہ کروں گا۔