کپتانی چھوڑو بیٹنگ پر توجہ دو، شعیب اختر کا اظہر کو مشورہ

راولپنڈی: راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے معروف شعیب اختر نے اظہر علی کو کپتانی چھوڑ کر بیٹنگ پر توجہ دینے کا مشورہ دے ڈالا۔
ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی بیٹنگ فارم گذشتہ 2 برس سے عدم تسلسل کا شکار ہے، چند اچھی اننگز کے سوا زیادہ تر وہ ناکام ثابت ہوئے، گذشتہ برس اکتوبر میں سرفراز احمد کی جگہ ان پر قیادت کی ذمے داری بھی ڈال دی گئی جس سے وہ مزید مشکلات کا شکار ہوگئے، اب انہیں ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی اطلاعات زیر گردش ہیں۔
ایسے میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اظہر علی کو قیادت چھوڑ کر صرف بیٹنگ پر ہی توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ہے، ایک انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اظہر کو زبردستی کپتان بنایا گیا تھا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اظہر شروع میں ٹیسٹ کپتان نہیں بننا چاہتے تھے مگر زبردستی انہیں اس پر مجبور کیا گیا، پی سی بی نے غیر ضروری طور پر ان پر دباؤ بڑھایا اور اب تبدیل کیا جارہا ہے۔
شعیب اختر نے اظہر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کھیل پر توجہ دیں اور اس بات کا اعلان کریں کہ کیا وہ ٹیم کی قیادت کرنا چاہتے بھی ہیں یا نہیں، اگر آپ کے سر پر معزولی کی تلوار لٹک رہی ہو تو ایسے میں کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
یاد رہے کہ اظہر علی ہیڈ کوچ مصباح الحق کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں،ان کی ہی سفارش پر انھیں کپتان بنایا گیا تھا، حال ہی میں کرکٹ اصلاحات کے حوالے سے بورڈ کو مطلع کیے بغیر وزیراعظم عمران خان سے مصباح اور حفیظ کے ساتھ ملاقات کرنے کی وجہ سے وہ پی سی بی حکام کے دل سے اترگئے ہیں۔

#AzharAli#ShoaibAkhtar