فیض کے داماد اور گوہر شناس شخصیت شعیب ہاشمی انتقال کرگئے

لاہور: کئی نامور فنکاروں کو متعارف کرانے والے اداکار و مصنف شعیب ہاشمی انتقال کرگئے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
معروف اداکار، ڈرامہ نویس اور پروفیسر شعیب ہاشمی انتقال کرگئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پر ہمدردی اور رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات معاشرے، فن اور ادب کا بڑانقصان ہے۔
شعیب ہاشمی کو برین ہیمبرج ہوا تھا اور کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کے بیٹے عدیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ کل رات کو شعیب ہاشمی کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔


شعیب ہاشمی کی بیٹی انگلینڈ میں ہیں، اُن کی آمد پر نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 12 سال قبل شعیب ہاشمی پر فالج کا حملہ ہوا تھا، جس کے بعد سے شعیب ہاشمی بستر پر تھے، بول سکتے تھے اور نہ خود سے چل پھرسکتے تھے۔


شعیب ہاشمی نے 70 کی دہائی میں معروف ڈرامے لکھے اور ان میں کام کیا۔ شعیب ہاشمی کے معروف ڈراموں میں اکڑبکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول شامل ہیں۔
شعیب ہاشمی 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری کرتے رہے۔ شعیب ہاشمی کو 1995 میں حسن کارکردگی کا ایوارڈ ملا اورتمغہ امتیاز بھی عطا کیا گیا۔

Faiz Ahmed Faiz Son in LawPassed awayProfessorShoaib HashmiWriter