جلسوں سے حکومتیں نہیں گرتیں، نواز کی سیاست میں جگہ نہیں، شیخ رشید

ملتان: شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا نشانہ عدلیہ، فوج اور نیب ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے جلسے میں لوگ کم ہوں گے، شہباز شریف معاملات کو سلجھانا چاہتے تھے، الجھانا نہیں، وہ اس سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے، 31 دسمبر سے پہلے پہلے جھاڑو پھر جائے گی، 20 فروری تک صورت حال نارمل ہوجائے گی، مارچ میں سینیٹ کے الیکشن ہوں گے جن میں عمران خان کو اکثریت ملے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عدالتیں جمہوریت کا فیصلہ کرتی ہیں، جلسے جلوسوں سے حکومتیں نہیں گرا کرتیں، اپوزیشن کا نشانہ عدلیہ، فوج اور نیب ہے، ہم بھی کہہ رہے تھے حکومت آج گئی یا کل گئی، لیکن یہ سارے سیاسی ہتھکنڈے ہوتے ہیں، اپوزیشن میں ہم بھی کہتے تھے اگلے ماہ حکومت نہیں رہے گی لیکن 126 دن کے دھرنے کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو ہر فیصلہ اپنے حق میں چاہتا ہے، نواز شریف خود لندن میں بیٹھے ہیں اور لوگوں کو باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں، حکومت نے ان کو جلسے اور جلوسوں کی کھلی اجازت دی ہے چھوٹی موٹی رکاوٹیں ہوتی ہیں، جس کارکن نے پہنچنا ہوتا ہے وہ خود پہنچ جاتا ہے، اگر کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے تو نہیں کرنا چاہیے، یقین ہے بلاول بھٹو زرداری سمجھ سے کام لے رہا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مہنگائی اسی سال ختم کریں گے، نواز شریف کو جو کرنا ہے کرلیں، ان کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، نواز شریف ضیاء الحق کی پیداوار ہے، انہوں نے جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار پر آنکھ کھولی۔

#Opposition#PDM#Sheikh Rasheed